• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس کی خود مختاری، نصاب کی حفاظت کیلئے سب ایک پیج پر ہیں، تنظیمات مدارس

کوئٹہ ( پ ر ) تمام مسالک کے وفاق المدارس پر مشتمل اتحاد تنظيمات مدارس بلوچستان کا ایک اہم اجلاس جامعہ سلفیہ دعوۃ الحق میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاق المدارس السلفیہ سے مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب، وفاق المدارس العربیہ سے مولانا صلاح الدین ایوبی، وفاق المدارس جعفریہ سے ڈاکٹر اکبر زاہدی کے علاوہ مولانا حزب اللہ عثمانی، مولانا عصمت اللہ سالم، مفتی رضا اللہ، مولانا زکریا ذاکر، ڈاکٹر سلیم بلوچ شامل تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان و صدر وفاق المدارس السلفیہ بلوچستان مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے کہا کہ علمائے کرام کی بہترین حکمت عملی اور بصیرت سے آج تمام مسالک ایک پیج پر ہیں، اتحاد تنظیمات مدراس میں شامل تمام مسالک کے وفاق نے ہمیشہ رواداری محبت، اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جدوجہد کی ہے، جس کی بدولت آج باہمی تعلق اور باہمی محبت کا رشتہ قائم ہے، دینی مدراس نے ہمیشہ وطن عزیز پاکستان کے استحکام امن وامان کی بحالی اور عوام میں باہمی محبت کیلئے کوشاں رہی ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما و صدر وفاق المدارس العربیہ بلوچستان مولانا صلاح الدین ایوبی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ اسلام کے قلعے ہیں مدارس کی خود مختاری، مدارس کے نصاب تعلیم کی حفاظت کیلئے ہم سب وفاق ایک پیج پر ہیں۔وفاق المدارس جعفریہ بلوچستان کے صدر ڈاکٹر اکبر زاہدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشترکہ مطالبہ ہے کہ گورنمنٹ دینی مدارس کی تعمیر و ترقی میں اور بجلی گیس کے بلوں کی مد میں بھرپور تعاون کرے، دینی مدارس میں پڑھنے والے طلبہ اس معاشرے کا اہم جزء ہیں، دین اسلام کی بنیادی معلومات حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق و ضرورت ہے۔اجلاس میں مولانا حزب اللہ عثمانی، مولانا عصمت اللہ سالم، مفتی رضا اللہ، مولانا زکریا ذاکر، ڈاکٹر سلیم بلوچ ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔
کوئٹہ سے مزید