• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملوں میں اسماعیل ہنیہ کی بہن سمیت 24 فلسطینی شہید

غزہ ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ کے صحت کے حکام اور طبی ماہرین نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ پر تین فضائی حملوں میں کم از کم 24فلسطینیوں کو شہیداور درجنوں کو زخمی کر دیا، شہداء میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بہن بھی شامل ہیں، الشاطی پناہ گزین کیمپ میں اسماعیل ہنیہ کے کے گھر کو نشانہ بنایاگیا، خاندان کے 10افراد شہید ہوئے، حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ دشمن کے میرے گھر پرحملہ بھی ہماری مزاحمت اور موقف کو تبدیل نہیں کرسکتا، جنگ بندی کے بغیر کوئی معاہدہ قبول نہیں ، محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ کئی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق ہنیہ خاندان کے گھر کو پیشگی انتباہ کے بغیر نشانہ بنایا گیا۔یہ حملے اس وقت کئے گئے جب اسرائیلی وزیر دفاع امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔اسرائیلی فوج نے حملے کی فوری تصدیق نہیں کی۔طبی ماہرین نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں سے دو نے غزہ کے دو اسکولوں کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 14 افراد شہید ہوئے۔ غزہ کی پٹی کے آٹھ تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے ایک الشاطی کیمپ کے ایک گھر پر ایک اور حملے میں 10 افراد شہیدہو ئے۔جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے الشاطی اور شمالی غزہ کے ایک اور علاقے میں حماس کےارکان کو اسکول کے احاطے کے اندرنشانہ بنایا اور ان پر 7 اکتوبر کےحملے میں ملوث ہونے اور یرغمالیوں کو یرغمال بنانے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حماس کے پولیٹیکل بیورو چیف اسماعیل ہنیہ کی بہن زہر ہنیہ سمیت 10 شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔اپریل میں ایک حملے میں اسماعیل ہنیہ نے تین بیٹے اور چار پوتے کھوئےتھے۔ حماس کے سربراہ نے اس وقت کہا تھا کہ ان کےتقریبا60 رشتہ دار غزہ جنگ میں شہید ہو چکے ہیں۔ترجمان محمودباسل نے ہنیہ خاندان کے گھر پر حملے سے قبل کہا کہ شہری دفاع کے عملے نے اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بننے والے تین مقامات سے مزید 13 لاشیں برآمد کی ہیں ۔

دنیا بھر سے سے مزید