• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل باجوہ نے ذاتی فائدے کیلئے ملک کا بے حد نقصان کیا، بانی پی ٹی آئی

اسلام آباد (خبر نگار، سٹاف رپورٹر ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے ذاتی فائدے کیلئے ملک کا بے حد نقصان کیا۔ تحریک انصاف کے دور اقتدار میں دہشتگردی میں بڑی کمی آئی، خطے میں قیام امن کیلئے نہ صرف پاکستان مخالف اشرف غنی حکومت کیساتھ بات چیت کی بلکہ خود بھی افغانستان کا دورہ کیا، نئی افغان حکومت کیساتھ تعلقات قائم کرنے میں سابق جنرل فیض حمید کا کلیدی کردار تھا، خطے کے حالات کے پیش نظر میری حکومت نے فیصلہ کیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو تبدیل نہ کیا جائے ، جنرل باجوہ کو یہی ہدایات دی گئیں ، یقین دہانی کے باوجود جنرل فیض حمید کو تبدیل کر دیا گیا ، وجہ جنر ل باجوہ اور نواز شریف کے مابین جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے کی جانے والی ڈیل تھی،جنرل باجوہ نے ذاتی فائدے کیلئے ملک کا بے حد نقصان کیا۔

 گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کا خصوصی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام ہمیشہ سے تحریک انصاف کی پالیسی رہی ہے، امریکا کے انخلا کے بعدافغانستان میں سول وار کا شدید خدشہ تھا جسے نہایت حکمت سے ہینڈل کیا گیا۔ پی ڈی ایم حکومت کے وزیر خارجہ نے پوری دنیا کا چکر لگایا لیکن افغانستان نہیں گیا کیونکہ ان لوگوں کو پاکستان کے امن ، ہمارے لوگوں کے جان و مال اور ہمارے سیکورٹی اداروں کی قطعاً کوئی پرواہ نہ تھی، آج بھی انکے پاس دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے کوئی واضح حکمت عملی موجودنہیں جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر ملک و قوم نقصان اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دور میں ریاست کے اداروں کو سیاست سے پاک کر کے قومی مفادات کے تحفظ کو اولین ترجیح بنایا تو ملکی اور غیر ملکی ناقدین نے ہائیبرڈ سسٹم کی اصطلاح ایجاد کی اور ہمیں ہدف تنقید بنایا۔

اہم خبریں سے مزید