کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وکلا نے آئینی عدالت کے قیام کیخلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، وکلاء سپریم کورٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس گیٹ تک مارچ کے بعد منتشر ہوگئے، احتجاج میں ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ، اعظم سواتی،شعیب شاہین، نیاز اللہ نیازی اور راجہ بشارت بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وکلاء نے سپریم کورٹ پر حملہ نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔ پی ٹی آئی وکلا قیادت نے کہا کہ اس وقت جمہوریت کو تماشہ بنا دیا گیا ہے، آج قانون کی پامالی عروج پر ہے، سپریم کورٹ سے بڑی امید ہوتی ہے، یہ اب سپریم کورٹ کے اختیار بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔