کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں پہنچتا ہے،نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہا کہ ایک بہت اہم بات سامنے آرہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیلئے پنجاب کی قیادت نہیں نکل رہی ، سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہاکہ مشکل وقت صرف حکومت کیلئے نہیں ریاست کیلئے بھی ہے، کانگریس سے پی ٹی آئی کے موقف کی حمایت میں قرارداد منظور ہونا امریکا میں پی ٹی آئی کے دوستوں کی کاوش کا نتیجہ ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی کانگریس کی قرارداد پر میں نے ایک پاکستانی کی حیثیت سے جواب دیا ہے، امریکا کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں پہنچتا ہے، پچھلے 75سال میں امریکا نے یہاں دخل اندازی کی اس کے نتائج ہم دہشتگردی کی صورت میں بھگت رہے ہیں، جنرل ضیاء اور جنرل مشرف نے امریکی جنگوں میں ساتھ دیا ہم اس کے نتائج بھگت رہے ہیں، امریکا میں یہ سال الیکشن کا ہے ایوان نمائندگان کو اس سال مال سمیٹنا ہے، یہ فنڈنگ لینے کیلئے مختلف لابیوں کو خوش کرنے کیلئے ایسے ایشوز اٹھاتے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی والے کل تک امریکا کو ایبسولوٹلی ناٹ کہتے تھے آج جشن منارہے ہیں، پی ٹی آئی کسی تیسرے ملک کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی دعوت دیتے ہیں تو ان کی ملک کے ساتھ کیا وفاداری ہے، پی ٹی آئی کی وفاداری صرف اقتدار کے ساتھ ہے، آج کہتے ہیں فلاں کینسر سروائیور ہے کینسر سروائیور تو شہباز شریف بھی تھے، نواز شریف کی بیگم کی لندن سے میت آئی تو کہا گیا کہ پارسل کر کے بھیج دی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی خود امریکا کی چیپٹر ہے، غزہ میں ہونے والی سازش کا پی ٹی آئی بھی حصہ ہے، اس کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوسکے، کون لوگ ہیں جو چین کو پاکستان میں نہیں آنے دینا چاہتے، جب تک معاشی استحکام نہیں آئے گا سیاسی استحکام نہیں آئے گا، جب ہماری حکومت آئی تو پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تھا تاکہ پاکستان میں معاشی استحکام نہیں آئے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آج امریکا سے محبت کا اظہار کررہی ہے انہیں تھوڑی سی بھی شرم نہیں آتی، تحریک انصاف کبھی امریکا کیخلاف تو کبھی ان کے حق میں بولتی ہے، اسرائیل، امریکا، برطانیہ، پاکستان پی ٹی آئی کی وفاداریاں کس کے ساتھ ہیں؟۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی معنی خیز مذاکرات نہیں چاہتی ہے، تحریک انصاف بار بار کہہ رہی ہے ہم نے فوج سے بات کرنی ہے، پی ٹی آئی والے پنڈی کو مدد کے لئے آوازیں دے رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بامقصد بات کی ہے، شہباز شریف اپوزیشن لیڈر تھے تب بھی مذاکرات کی بات کی آج بھی یہی بات کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں ہیں انہیں رہا عدالتوں نے کرنا ہے، یہ بات نہیں ہونی چاہئے کہ عمران خان آج رہا ہوں گے تو ہم کل پکڑ لیں گے۔