راچڈیل (نمائندہ جنگ) ہالینڈ سے سینئر صحافی راجہ فارق حیدر ،فہیم انور نے ہارون شاہ کے ہمراہ راچڈیل میں مسلم لیگ ن کے چیف کوآرڈینیٹر اوورسیز اور سابق چیئرمین او پی ایف بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی امور ، خبر اور اخبار ، مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کے100دن کی کارکردگی اور اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل پر گفتگو ہوئی ۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ راجہ فارق حیدر اور فہیم انور اور دوستوں کے ساتھ اچھی ملاقاتیں رہی ہیں۔ ان کے ساتھ صحافت ، صحافی ،خبر، فیک نیوز اور پروپیگنڈا سمیت دیگر مختلف امور اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات پر گفتگو کی۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کا بہتر امیج اجاگر کرنے کیلئے مزید محنت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ساتھ محبت بلا شرط ہونی چاہئے، ریاست کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے خود بھی بچیں اور لوگوں کو بھی ہوشیار کریں۔پاکستان سے محبت ہماری مشترکہ اساس ہے ،ایسے صاف ستھرے صحافی ہمارے معاشرے کااثاثہ اورصحافت کاحسن ہیں ،بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ فہیم انور کے ساتھ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی اسلام آباد میٹنگز کے دوران مختلف ادوار میں نشستیں ہوتی رہی ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ انشاللہ منشور کے مطابق تارکین وطن کی دادرسی اور نمائندگی کیلئے پاکستان میں قانون سازی اور فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمان میں لانا مسلم لیگ ن کا وعدہ ہے اور اس پر عمل درآمد ہوگا۔ انشااللہ بیرسٹر امجد ملک نے ملاقات میں صحافی ساتھیوں کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہمارا اثاثہ ہیں اگر پاکستان کے امیج کو بدلنا ہے تو فیک نیوز کلچر کو من حیث القوم ختم کرنا ہوگا اور نقل کی بجائے اصل کی طرف لوٹنا ہوگا۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ صحافیوں نے یورپ میں بڑی محنت سے اپنا مقام بنایا ہے ۔ صحافت نے بتدریج ترقی کی ہے۔ قومیں تب ہی ترقی کرتی ہیں جب وہ معیاری صحافت اور جبر کا راستہ نہیں رو کتیں۔ فہیم انور نے کہا کہ بیرسٹر امجد سے ہمیشہ ملاقات دلچسپ اور حوصلہ افزا رہی ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ ن کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔بعدازاں بیرسٹر امجد ملک نے مہمانوں کی تواضع کی اور مہمان کو تحائف اور اپنی کتاب ’’پاکستان کا سفر‘‘ پیش کی ۔