کراچی (اسٹاف رپورٹر)کیماڑی میں تین سالہ بچی کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت وزیر صحت و بہبودآبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کی ، اس موقع پر کوآرڈینٹر ای او سی ارشاد علی سوڈھر نےانہیں جاری مہم ،پولیو کیس کے بارے میں آگاہ کیا ، صورتحال کا فوری جائزہ لینے کے لیے ایک ابتدائی ایکشن پلان تیار کیا گیا،ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہناتھا کہ کراچی میں پولیو کا کیس تشویش ناک ہے ، اس کے جواب میں فوری اور جامع اقدامات کر رہے ہیں،ہماری ترجیح ہے کہ تمام بچوں کو اس معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین فراہم کی جائے، اور ہم ہر بچے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں، ای او سی کوآرڈینیٹرارشاد علی سوڈھر متاثرہ بچی کے گھر گئے اور ان کے خاندان کو ای او سی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، ہماری ٹیمیں پرعزم ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کریں گی کہ متاثرہ علاقوں میں ہر بچے کو ویکسین دی جائے اور محفوظ کیا جائے،اس صورتحال کے تدارک کے لیے خصوصی مہم کا فیصلہ کیاگیا ہے جو ان یونین کونسلوں میں چلائی جائے گی جہاں کیس رپورٹ ہوا ہےاور ان بچوں کو ہدف بنایا جائے گا جنہوں نے پولیو ویکسین نہیں لی۔ یہ پولیو مہم 2 جولائی سے 13 جولائی 2024 تک جاری رہے گی۔