لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ بنیادی آزادیوں اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کے لیے اقتصادی مواقع کو بڑھانے میں پاکستانی عوام کا پرعزم شراکت دار رہے گا۔ پاکستانیوں کے لیے اعلیٰ معیار کی ملازمتیں پیدا کرنے، افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے، اختراعی کاروباری طریقوں کو متعارف کرانے اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی کوششوں کے ذریعے مقامی کمیونٹیز کی مدد کرنے کے لیے امریکی کاروباری نمائندوں کی شرکت کو بھی سراہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکز کے ہمراہ امریکی آزادی کی 248ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں حکومت، کاروباری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ڈونلڈ بلوم نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات، امریکہ-پاکستان "گرین الائنس" کے ذریعے جدید تعاون ، آب و ہوا کے چیلنجوں پر فریم ورک اور عوام سے عوام کے وسیع روابط کے علاوہ اور بہت کچھ موجود ہے۔ دورہ لاہور کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےقادیانی نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور کیتھیڈرل چرچ آف دی ریزرکشن کا دورہ کیا۔ سفیر نے اس اصول کی توثیق کی کہ ہر فرد کو تشدد اور ہراسگی کے خوف کے بغیر پرامن طریقے سے رہنے اور عبادت کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔