جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور ہدایتکار ایس ایس راجامولی کی نئی فلم میں سے بالی ووڈ اسٹار عامر خان کو نکال دیا گیا ہے۔
ایس ایس راجامولی کی فلمیں کاسٹنگ کے مراحل سے ہی خبروں میں آنا شروع ہوجاتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انکی نئی فلم جسے اب تک ایس ایس ایم بی 29 کا نام دیا جارہا ہے، کی کاسٹنگ کا مرحلہ جاری ہے۔
فلم میں سپر اسٹار مہیش بابو مرکزی کردار نبھارہے ہیں جبکہ اس کے حوالے سے گزشتہ برس یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فلم میں ولن کا کردار عامر خان نبھائیں گے۔
اس حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ راجامولی نے عامر خان سے رابطہ کیا تھا جبکہ اس سلسلے میں دونوں نے ممبئی میں ملاقات بھی کی تھی۔
تاہم اب تازہ رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فلم میں ولن عامر خان نہیں بلکہ پرتھوی راج سکومارن ہوں گے۔
اس میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پہلی مرتبہ راجامولی اور مہیش بابو کے ساتھ کام کرنے کےلیے پرتھوی راج پرجوش بھی ہیں۔
ادھر فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ فلم کی کاسٹنگ کےلیے فی الحال کسی کاسٹنگ ڈائریکٹر کا انتخاب نہیں کیا گیا، جب ضروری ہوا اس وقت انتظامیہ باقاعدہ اعلان کرے گی۔