• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس اور ڈسپلن مسائل کی نشاندہی، ہیڈ کوچ کرسٹن نے رپورٹ جمع کرادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق رپورٹ پی سی بی کو جمع کردی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے فٹنس اور ڈسپلن مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات تفصیلی طور پر بیان کی ہیں، ساتھ ہی کھلاڑیوں کے ڈسپلن، کھیل سے متعلق آگاہی سمیت بہتری کے لئے تجاویز دی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تباہ کن کارکردگی کے بعد ان کی رپورٹ کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں جذباتی خطاب کیا تھا اب ان کی ٹور رپورٹ پی سی بی کو مل گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر کی رپورٹ کی بنیاد پرپاکستان ٹیم ، ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں متوقع ہیں ۔ گیری کرسٹن نے رپورٹ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالات اٹھادیے، کئی کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب بھی قرار دیا۔ سینئر منیجر وہاب ریاض پہلے ہی اپنی رپورٹ جمع کراچکے ہیں، بورڈ حکام کی جانب سے رپورٹس کی روشنی میں اگلا لائحہ عمل طے کیا جائےگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو ناتجربہ کار امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور پھر بھارت کے خلاف 120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ ناکام ہوگئی تھی۔
اہم خبریں سے مزید