• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہلی اور انوشکا کا بچوں سمیت ممبئی سے لندن مستقل منتقل ہونیکا منصوبہ

کراچی(عبدالماجدبھٹی)بارباڈوس میں بھارت کو ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں شاندار فتح دلوانے والے سپر اسٹار ویرات کوہلی اور ان کی بولی ووڈ کی مشہور اداکارہ انوشکا شرما اپنے دونوں بچوں کے ساتھ مستقل طور پر ممبئی سے لندن سے منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں بھارت میں شور شرابے اور کروڑوں مداحوں سے دور وہ اپنی نجی زندگی پرسکون ماحول میں گزارنا چاہتے ہیں جہاں ہنگامہ اور شور شرابے نہ ہو اور دونوں آزادانہ گھوم پھر سکیں ان کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرسکیں ان کا ہدف ایسا شہر ہے جہاں عام لوگ انہیں پہچان نہ سکیں۔

فائنل کے ہیرو جمعرات کو ممبئی میں وکٹری پریڈ میں شرکت کے بعد اپنی اہلیہ اور دونوں بچوں وامیکا(بیٹی)اور اکائے(بیٹا) کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

ہفتے کی شب ورلڈ کپ فائنل کے بعد ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا ۔

وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلتے رہیں گے۔ورلڈ کپ میں ناکام رہنے والے ویرات نےفائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف59گیندوں 76رنز بنائے اور پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔ 

فائنل کے بعد وہ ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ سے بغلگیر ہوکرروپڑے۔وہ نومبر میں36سال کے ہوجائیں گےسابق کپتان آج بھی سپر فٹ ہیں لیکن وہ عروج پر انٹر نیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق جب سے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دوسرے بچے آکائے کوہلی کے والدین بنے ہیں، اس کے بعد سے یہ جوڑا لندن شفٹ ہونے کا سوچ رہا ہے۔

ان کے قریبی حلقے دعوی کررہے ہیں کہ اب یہ خاندان لندن میں مستقل طور پر آباد ہو سکتا ہے جہاں وہ ایک عالیشان گھر خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔آکائے کی پیدائش سے پہلے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے لندن میں کافی وقت گزارا اور انہوں نے اسے وہیں جنم دینے کا فیصلہ کیا۔

 اس جوڑے نے آکائے کی پیدائش کے بعد بھی تقریباً دو ماہ لندن میں گزارے اور کرکٹ سے دور رہے ۔ویرات کوہلی ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ اور آئی پی ایل کے لیے بھارت واپس آئے تھےاس کے کئی دن بعد انوشکا بھی بھارت واپس آئیں۔

انوشکا شرما نے ویرات کوہلی سے درخواست کی کہ وامیکا اور آکائے کی تصویریں نہ بنائیں اور نہ ہی انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں۔انوشکا اور ویرات کوہلی کو اکثر لندن میں شاپنگ کے دوران یا ریستوراں میں وقت گزارتے دیکھا گیا ہے۔ ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف اہم ترین ٹیسٹ سیریز میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے لیے انگلینڈ گئے تھے۔ 

35 سالہ ویرات کی لندن میں ان کے بیٹے کی پیدائش کے چند دن بعد تصویر بھی لی گئی تھی۔ان کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ ویرات چونکہ ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں، وہ اب برطانیہ میں مستقل ہی رہیں گے۔

 انہوں نے ایک انٹر ویو میں انکشاف کیا تھاکہ وہ یورپ میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ کیونکہ یورپ زیادہ تر لوگ انہیں پہچان نہیں پاتے اور اس سے انہیں معمول کی زندگی ملتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید