اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری پر سفری پابندی کی فہرست سے نام نکلوانے کی درخواست پر وزارتِ داخلہ کے نمائندے کو 9جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ فواد چوہدری کا سب کچھ یہاں ہے واپس کیوں نہیں آئیں گے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت کی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ہے یا پرووشنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں؟انھوں نے فواد چوہدری کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ سادہ سا کیس تھا آپ نے خود پیچیدہ کر دیا ہے، آپ نے پی این آئی ایل قانون بھی چیلنج کر دیا، قانون چیلنج ہو گیا تو اب اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنا پڑیگا، میں تو ویسے بھی سب کو باہر جانے کی اجازت دے رہا ہوں، گرمیوں کا موسم ہے ویسے بھی ہر کوئی باہر جا رہا ہے۔