• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹی دودھ کی فروخت کیخلاف خصوصی مہم جاری

کوئٹہ(خ ن)ملاوٹی دودھ کی فروخت و سپلائی کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہی، اس سلسلے میں کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع سبی ، نصیرآباد ، قلات اور پنجگور میں دودھ میں ملاوٹ پر متعدد ملک شاپس اور ملک سپلائرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئےمراکز مالکان پر جرمانے عائد جبکہ کارروائیوں کے دوران برآمد شدہ سیکڑوں لیٹر غیر صحت بخش و ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا ۔ تلف کردہ دودھ میں پانی کی وافر مقدار و خشک پاؤڈر کی ملاوٹ جبکہ دکانوں ، ڈیری فارمز میں صفائی کے انتظامات اور ملک ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات بھی غیر تسلی بخش پائے گئے ۔ مہم کے دوران دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے ملک سیمپلز لیکر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹریز و جدید مشینوں پر آن دی اسپاٹ ٹیسٹ کئے گئے ۔ واضح رہے کہ مختلف اضلاع میں جاری مہم کے دوران ملک شاپس ، ڈیری فارمز اور دودھ بردار گاڑیوں کا معائنہ کیا جارہا ہے جبکہ اتھارٹی حکام ڈیری فارمز میں جانوروں کو دی جانے والی خوراک و ادویات کا بھی تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں ، ملک ٹیسٹنگ مہم مزید تین روز جاری رہے گی ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ملک ٹیسٹنگ مہم کا مقصد صوبہ بھر میں دودھ کے معیار کی بہتری اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کا خاتمہ ہے ۔ عوام کو فراہم کردہ دودھ کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کیلئے اتھارٹی کی کارروائیاں اور خصوصی مہمات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
کوئٹہ سے مزید