کوئٹہ(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے دہشت گردی کے بیانیے کو شکست دینا ہوگی، بلوچستان کو امن کا مکمل گہوارہ بنانے کے لئے صوبے میں گراس روٹ لیول تک سیاسی عمل ضروری ہے ، پیپلزپارٹی نے بلوچستان کےلیے درست سمت کا تعین کیا ،ایک جامع انداز سے عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں،یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیر اعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں امن و امان ، ترقیاتی منصوبوں اور صحت سمیت رواں مالی سال کے نئے بجٹ 2024 میں شامل سماجی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔