• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی بجٹ میں تارکین وطن کے لیے بھی ٹیکسوں کے پہاڑ، کمیونٹی میں غم و غصے کی لہر

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) پاکستان میںٹیکسوں کی بھرمار پر جہاں پہلے ہی پوری قوم سراپا احتجاج ہے وہیں حکومت کی طرف سے نئے بجٹ میں پاکستانی تارکین وطن کیلئے بھی ٹیکس لگاکر مشکلات کے پہاڑ کھڑے کرد یئے ہیں۔یکم جولائی سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے تمام مسافروں پر بھاری ٹیکسز عائد کردیئے گئے ہیں اب کوئی بھی مسافر پاکستان سے برطانیہ، یورپی ممالک سمیت کہیں بھی ہوائی سفر کیلئے ٹکٹ کی بکنگ کے ساتھ نئے حکومتی ٹیکس ادا کرنے کے پابند ہیں یکم جولائی سے تمام مسافروں کی ٹکٹوں پر بھاری بھر کم ٹیکس وصولی پر تارکین وطن میںغم وغصہ اورپریشانی پائی جا رہی ہے۔ ٹریول ایجنٹس نے بھی اس عمل کو ملک وقوم کیلئے نقصان دہ قراردیا ہے۔ برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے پاکستان کیلئے سفر کرنے والے مسافربھاری بھر کم ٹیکسوں سے بچنے کیلئے پاکستان کے ہمسائیہ ممالک کی ایئرلائنزمیں پروازیں بک کرائینگے جس سے نہ صرف انہیں کم کرایہ دینا پڑے گا بلکہ وہ ٹیکسوں کے بوجھ سے بھی بچ جائیں گے اس طرح پاکستان میںٹریولنگ ایجنٹس کا کاروبار شدید متاثر ہونے کا خدشتہ ہے جبکہ ملک بھی قیمتی زرمبادلہ سے محروم ہوجائے گا۔بجٹ 2024.25میں منظورکردہ نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد اندرون ملک سفر کرنیوالے اکانومی مسافر پانچ کی بجائے ساڑھے بارہ ہزار روپے ٹیکس ادا کرنے پر مجبورہیں پاکستان سے سعودیہ اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک کے لیے فرسٹ کلاس اور بزنس کیٹیگری کے مسافر اب 75ہزار کی بجائے ایک لاکھ پانچ ہزار روپے ٹیکس ادا کررہے ہیں امریکہ اور کینیڈا کے سفر پر جانیوالے مسافروں کو ساڑھے تین لاکھ روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگاان مسافروں پر ایک لاکھ روپے کا اضافی بوجھ ڈالاگیا ہے یورپ کیلئے 2لاکھ 10ہزار ٹیکس‘ چین، انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیلئے 2لاکھ10ہزار ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ہوائی جہاز کے ٹکٹ کا کاروبار کرنیوالے ٹریول ایجنٹس نے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان فضائی انڈسٹری کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے اسٹیک ہولڈرز کی مشاور ت اور تارکین وطن کی مشکلات جانے بغیر لیا جانیوالا فیصلہ سنگین مسائل کو جنم دے گا۔شعبہ ہوابازی سے منسلک ہر طبقہ اس عمل سے متاثر ہوگابیرون ملک مزدوری کر کے اہل خانہ کا پیٹ پالنے والے غریب پاکستانی تارکین وطن مسافروں کی کوشش ہوگی کہ وہ برطانیہ اوریورپی ممالک سے پاکستان جانے کیلئے براہ راست پرواز کی بجائے دوسرے ممالک کا ٹکٹ خریدیں اوراپنے پیسے بچائیں۔

یورپ سے سے مزید