• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس سال 4 ارب افراد ’’مچھروں‘‘ کی بیماریوں سے متاثر ہوں گے، ڈبلیو ایچ او

نیویارک (نیوز ڈیسک) عالمی ادارۂ صحت نے دنیا بھر میں ڈینگی، چکن گنیا اور زیکا وائرس پھیلنے سے متعلق خبردار کر دیا۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق اس سال دنیا بھر میں 4ارب افراد مچھروں سے پھیلنے والی3بیماریوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔عالمی ادارۂ صحت کے مطابق اس سال ڈینگی، چکن گنیا اور زیکا وائرس کے کیسز پچھلے سال کے مقابلے میں دگنے ہو گئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست تک ڈینگی اور مچھروں سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کے کیسز کی تعداد 1کروڑ 23لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ پچھلے سال ڈینگی اور مچھروں سے پھیلنے والی وائرل بیماریوں کی تعداد 65لاکھ رہی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈینگی، چکن گنیا اور زیکا وائرس سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹیجک پلان شروع کر دیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس اس وقت دنیا کے تمام خطوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، متعدد ممالک میں ڈینگی وبا کی صورت اختیار کر چکا ہے۔اسی طرح چکن گونیا بھی دنیا کے118 ممالک میں پھیل رہا ہے جب کہ یہ بیماری بھی متعدد ممالک میں وبا بن کر پھیل رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ زیکا وائرس سمیت مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی دوسری بیماریاں بھی دنیا بھر میں پھیل رہی ہیں، جس سے دنیا کی نصف آبادی خطرے سے دوچار ہے۔عالمی ادارہ صحت نے ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس سمیت مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں پر قابو پانے کے لیے پروگرام شروع کرتے ہوئے تمام ممالک کو ٹیسٹس اور علاج پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس جیسی بیماریوں سے بچائو کے لیے عالمی سطح پر معلومات کے تبادلے، ان بیماریوں کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے لیے5 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد کی رقم درکار ہوگی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریاں بعض ممالک میں سنگین صورت حال اختیار کرتی جا رہی ہیں، جہاں درجنوں افراد شدید بیمار ہوکر موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید