• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل کا فلسطین کی حمایت میں زبردست اقدام، آزاد تجارتی معاہدے کی منظوری دے دی

برازیلیہ( نیوز ڈیسک) برازیل نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے 13سال بعد فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کردی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2011 میں جنوبی امریکہ کے تجارتی بلاک ’مرکوسور‘ اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ طے پایا تھا لیکن تاحال اس پر عمل درآمد مؤخر تھا۔ مرکوسور جنوبی امریکی تجارتی بلاک ہے جس میں ارجنٹائن، برازیل، پیراگوئے اور یوراگوئے شامل ہیں۔برازیل کی وزارت خارجہ نے اس معاہدے کو نافذ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ فلسطینی ریاست کو اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کےلیے ایک ٹھوس قدم ہے۔ یہ ریاست ایسی ہوگی جو اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور ہم آہنگی سے قائم رہ سکے گی۔مرکوسر کے دیگر اراکین ارجنٹائن، یوراگوئے اور پیراگوئے نے تاحال اس معاہدے کی توثیق نہیں کی۔برازیلیا میں فلسطینی سفیر ابراہیم ال زیبن نے فیصلے کو جرات مندانہ، مددگار اور بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطین میں امن کی حمایت کا مؤثر طریقہ ہے، جس سے مرکوسر ممالک کے ساتھ فلسطینی تجارت میں اضافہ ہوگا، جس کا موجودہ حجم سالانہ 32ملین ڈالر ہے۔واضح رہے کہ برازیل نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ہے جبکہ 2010سے ہی برازیل کے دارالحکومت میں فلسطینی سفارت خانہ قائم ہے۔

یورپ سے سے مزید