• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا: ٹیکسی سیکٹر اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا فلسطینیوں کے حق اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف مارچ

بارسلونا(جواد چیمہ ) بارسلونا میں فلسطین میں امن اور غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کیلئے ٹیکسی سیکٹر کے افراد نےاحتجاجی مظاہرہ کیا۔ٹیکسی سیکٹر نے اپنی ٹیکسیز شہر کی مشہور شاہراہ پر سست روی سے چلا کر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس احتجاج کے منتظمین میں آنجت ٹیکسی ، فرینڈز ٹیکسی ایسوسی ایشن، اور فلسطینی تنظیمات شامل تھیں احتجاجی مارچ ہسپانیہ اسکوائر سے شروع ہو کر مشہور شاہراہ گران ویا، یونیورسٹی اسکوائر، کاتالونیا اسکوائر سے ہوتا ہوا پاسیج دے گراسیا پر اختتام پذیر ہوا۔ احتجاج میں سیکڑوں ٹیکسیز نے سست روی کے ساتھ مارچ کیا ، ٹیکسز کے آگے پاکستانی ، فلسطینی ، ماروکی ، الجزائری، ہسپانوی سیکڑوں افراد پیدل مارچ کر رہے تھے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اور فلسطنیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکاء نے عالمی برادری و اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ مظاہرین کے اسرائیل کیخلاف نعروں سے اسپین کی فضا گونج اٹھی۔مظاہرین نے کہا کہ جنگ کسی چیز کا حل نہیں،عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کو مذاکرات سے حل کرائے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کے نہتے شہریوں پرظلم وستم کی انتہا کردی ہے جب کہ عالمی برادری کوآگے بڑھ کرخون میں رنگے اسرائیلی ظالمانہ ہاتھ روکنےہوں گے۔مظاہرین نے اسپین کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فریقین میں جنگ بندی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

یورپ سے سے مزید