• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

13 جولائی کے شہدائے کشمیر کامشن جاری رکھیں گے، حاجی چوہدری قربان

لوٹن (شہزاد علی) کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ 13جولائی کے شہداء کشمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے، کشمیر کی مکمل آزادی کے بعد مملکت پاکستان کے ساتھ الحاق کیا جائے گا برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نئی کشمیری نسل کو مسئلہ کشمیر کے پس منظر اور اپنی تاریخ کے اہم واقعات سے آگاہ رکھنے کے لیے کمیونٹی کے باشعور طبقات اپنا رول ادا کریں، ان خیالات کا اظہار کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر، میرپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چئیرمین، اسلامک کلچرل سوسائٹی لوٹن سنٹرل ماسک کے ممتاز رہنما حاجی چوہدری محمد قربان نے 13 جولائی یوم شہداء کشمیر کی مناسبت سے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کے شہداء کشمیر کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ کشمیر کی مکمل آزادی اور اس کے مملکت پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے جدوجہد کو جاری و ساری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ اپنی نئی نسل کو آگاہ کیا جائے کہ 13 جولائی 1931 کو سرینگر کے سینٹرل جیل میں فائرنگ کے ایک واقعے میں شہید ہونے والے درجنوں افراد کی یاد میں ہر سال کشمیر میں ’یوم شہدا‘ منایا جاتا ہے۔ دراصل اُس روز واقعہ یہ پیش آیا تھا کہ سرینگر کی سینٹرل جیل میں ایک مقدمے کی سماعت کے دوران کسی نے اذان دینا شروع کی تو ہندو ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہیوں نے وہاں موجود افراد پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجہ میں جیل احاطے کے اندر 22 افراد ہلاک ہو گئے اور وادی بھر میں احتجاج کی لہر پھیل گئی جسے دبانے کی کاروائیوں میں بھی مزید ہلاکتیں ہوئیں انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے 13جولائی کے مشن کو اپنی قربانیوں سے زندہ رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی تمام بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں اور کرفیو کا سماں ہے۔ مگر بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
یورپ سے سے مزید