ملتان (فورم رپورٹ؍شازیہ ناہید)ما ہ محرم الحرام میں مجالس عزا اور ماتمی جلوس روٹس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا،بڑے تعزیے اور جلوسوں کے لئےاندرون شہر میں گلیوںکے مسائل حل طلب ہیں۔اس مرتبہ ہر پیچ ورک کا ٹینڈر کروایا ہے۔اس لئے ایک پروسیجر کے تحت کام ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہار "محرم الحرام اور انتظامات" کے موضوع پر لائسنس داران، پولیس، انتظامیہ اور ممبر امن کمیٹی نےجنگ فورم میں کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او ملتان صادق ڈوگر نے ماہ محرم الحرام میں مجالس عزا اور ماتمی جلوس روٹس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ محرم الحرام کے دوران ملتان شہر سے کل 485 جلوس شہر بھر میں مختلف مقامات پر کل 1533 مجالس منعقد ہوں گی ۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ملتان پولیس کے 7000 سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ پولیس سے تربیت یافتہ 2200 سے زائد وولینٹئرز اور سول ڈیفنس کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔طے شدہ ضابطہ اخلاق کے مطابق عشرہ محرم الحرام کے دوران تمام مسالک کے علما کرام اور ذاکرین مذہبی منافرت پر مبنی خطابات اور لاؤڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔عوام آپس میں محبت اور بھائی چارہ کاثبوت دیں اور تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔اے ڈی سی جی محمد سیف نے کہاجلوس روٹ کی سڑکوں پر مرمت کا کام بھی کروایا جارہا ہے۔صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔ہرممکن کو شش کی جاتی ہے کہ محرم الحرام میں لوگوں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔جلوسوں کو اے، بی اور سی کیٹگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔کیٹگری اے کے جلوس بہت حساس ہوتے ہیں ان کے لئے سیکورٹی کا انتظام بھی اسی حساب سے کیا جاتا ہے۔ کیمروں کی پرکیورمنٹ کے لئے ٹینڈرز ہو چکے ہیں ۔لائسنس داران اور امن کمیٹی کے ساتھ مشاورتی میٹنگز ہو چکی ہیں۔اس مرتبہ ہر پیچ ورک کا ٹینڈر کروایا ہے۔اس لئے ایک پروسیجر کے تحت کام ہورہا ہے۔ممبر صوبائی اتحادالمسلمین کمیٹی پنجاب خاور شفقت بھٹہ نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مشاورتی میٹینگز ہوچکی ہیں۔شہر کی بنیادی سڑکوں پر کام جاری ہے لیکن اندرون شہر گلیوں میں کام کے ٹینڈرز ابھی ہوئے ہیں ان پر کب کام شروع ہوگا اور کب مکمل ہوگا۔واسا، سالڈ ویسٹ کے محمکے بھی اپنا کام کررہے ہیں لیکن اصل مسائل اندرون شہر میں ہیں۔ملتان کا سب سے بڑا استاد والا تعزیہ ہے، وہاں کا ابھی تک ٹینڈر ہی نہیں کیا۔شاگرد والا تعزیہ اور اٹھارہ جلوسوں کی صف بندی حرم گیٹ کی طرف بنتی ہے ۔حسین آگاہی سے کمنگراں والا اور تھلہ وارث شاہ کے دو بڑے جلوس نکلتے ہیں۔اس علاقے کے کام بھی زیر التوا ہیں۔ضلع کونسل میں کوئی کام شروع نہیں ہوسکا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل تحفظ عزاداری امام حسین کونسل ملتان طالب پرواز اور پروفیسر احمد عباس نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام شروع ہوچکے ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن ملتان نے اپنی سابقہ روایات کے مطابق روٹ جلوس ہائے پر ابھی تک کام شروع نہیں کیا ۔محکمہ سوئی گیس نے لائسنسداروں کے مسائل حل کردئیے ہیں جبکہ میپکوبھی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ رواںسال امام بارگاہوں کے روٹ جلوس کےلئے فنڈز کم رکھے ہیں باوجود اسکے اعلیٰ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امام بارگاہوں کے روٹ جلوس کلئیر کردیں گے ۔