• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کے فیصلے سے حق اور سچ کی فتح ہوئی، PTI رہنما

اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں)پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو حق اورسچ کی فتح قرار دیدیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا‘سلمان اکرم راجا کے مطابق فیصلے سے آئین کی فتح ہوئی ‘شبلی فرازبولے کہ فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہواجبکہ عمرایوب نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کےچاروں ارکان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیدیا۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کروڑوں عوام کےلیے اورجمہوری قوتوں کےلیے آج خوشی کا دن ہے‘ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا،آئین میں اپنی مرضی کی ترمیم کا راستہ روک دیا گیا ہے‘جس کا جو حق ہے اسے ملنا چاہیے۔ شبلی فراز نے فیصلے پر کہا کہ عدالتوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا آج بہت بڑا دن ہے، طاقتور اور جابر ہمارا حق چھین کر مال غنیمت سمجھ کر سیٹیں دوسروں میں بانٹنا چاہتے تھے‘آج کے فیصلے سے آئین کا حلیہ بگاڑنے کےا رادے پرعمل کرنےکاراستہ روک دیاگیا۔آج آئین کی فتح ہوئی ہے،یہ بہت بڑا دن ہے۔

اہم خبریں سے مزید