• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی وی ڈراموں کی کامیابی میں نئے موسیقاروں کی دھنوں کا جادو

کراچی(رپورٹ/اختر علی اختر)ٹی وی ڈراموں کی کامیابی میں نئے موسیقاروں کی دُھنوں کا جادو، اوریجنل سائونڈ ٹریک (OST) نے ڈراموں کو دُنیا بھر میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ٹائٹل سونگ نے دھوم مچائی، نوید ناشاد، ساحر علی بگا، احمد جہانزیب، شانی ارشد، عاصم رضا،وقارعلی،فرخ عابد، شجاع حیدر اور وہاج فاروقی نے شاندار گیت کمپوز کئے۔ ایک دور وہ بھی تھا، جب پاکستان کی فلمی موسیقی عُروج پر تھی، فلموں کے گانے گلی گلی سُنے جاتے تھے اورجب فلم انڈسٹری مسائل کا شکار ہوئی، تو فلمی موسیقی بھی دم توڑنے لگی، ایسے میں کچھ نئی نسل کے موسیقار سامنے آئے، ان موسیقاروں نے پاکستان کے ٹیلی ویژن ڈراموں کے لیے خُوبصورت اور دلوں میں اتر جانے والی دُھنیں اور گیت کمپوز کئے ، جسے دُنیا بھر میں پسند کیا گیا، بعض اوقات ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ ڈرامے سے زیادہ اُس کے ٹائٹل سونگ نے سوشل میڈیا پر دُھوم مچائی ہے ۔ آج ہم نئی نسل کے ان موسیقاروں کے گیتوں پر روشنی ڈالیں گے، جن کے کمپوز کئے سونگز کو بے حد پسند کیا گیا، سب سے پہلے ہم بات کریں گے، برصغیر پاک وہند کے نامورموسیقار ناشاد کے پوتے نوید ناشاد کی، جنہوں نے ٹیلی ویژن ڈراموں کے لیے شاندار گیت کمپوز کئے ، ان کے گیتوں کو سرحد پار بھی کاپی کیا گیا۔ نوید ناشاد کو ابتداء میں ڈراما ’’دو بول‘‘ کے ٹائٹل سونگ’’جاں تجھے معاف کیا‘‘سے پہچان ملی، بعدازاں انہوں نے جیو کے سپرہٹ ڈرامے ’’خدا اور محبت‘‘کے لیے زبردست (OST)کمپوز کیا، جسے استاد راحت فتح علی خان نے گایا، تو ہر طرف اُس کی دُھوم مچ گئی۔ قبل ازیں ہمایوں سعید کے ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا ٹائٹل گیت نے بھی استاد راحت فتح علی خان کی آواز میں غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ نوید ناشاد کو اب تک 2لکس اسٹائل ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ ان دِنوں ٹی وی ڈراما جنٹلمین میں انہوں نے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم سے ایک ہی گیت مختلف دُھنوں میں ریکارڈ کئے ۔ موسیقی گھرانے کے نامور کمپوزر اور گلوکار ساحر علی بَگا نے بھی مختلف ٹی وی ڈراموں کے لیے اَن گنت ٹائٹل سونگ ترتیب دیئے ۔ اِن دنوں جیو کے مقبول ڈرامے ’’جان نثار‘‘ میں ان کا کمپوز کیا ہوا گیت بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ آج کل اُن کی توجہ گائیکی پر بھی ہے اور وہ مختلف کنسرٹس میں آواز کا جادو جگاتے ہوئے دِکھائی دیتے ہیں۔ ڈراما سیریل ’’سنگِ مرمر‘‘اور ’’دل لگی‘‘ کے لئے ان کے کمپوز کردہ سونگز بھی پسند کئے گئے۔ موسیقی کی دُنیا میں برق رفتاری سے اپنا نام بنانے والے شانی ارشد کو سب سے زیادہ شہرت جیو کے سپرہٹ ڈرامے ’’تیرے بِن‘‘کے (OST)سے ملی۔ اس کے علاوہ بھی شانی ارشد نے فلموں اور ڈراموں کے لیے شاندار گیت کمپوز کئے ۔ کم عمری میں اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کرنے والے کمپوزر اور گلوکار احمد جہانزیب کو کون نہیں جانتا، حال ہی میں ان کا کمپوز کیا ہوا ہے گانا’’تیرا میرا پیار اَمر‘‘ اِن کی اپنی آواز میں دنیا بھر میں مقبول ہوا۔ احمد جہانزیب کی توجہ موسیقی کمپوز کرنے سے زیادہ گائیکی کی جانب رہتی ہے، لیکن جب بھی وہ کوئی اچھا گیت تخلیق کرتے ہیں، تو اُسے پسند کیا جاتا ہے۔ ’’دل غلطی کربیٹھا ہے بول کفارہ کیا ہوگا‘‘یہ بول ہیں عاصم رضا کے کمپوز کئے ہوئے ٹائٹل سونگ کے، جسے سحر گل خان نے گایا تھا، یہ گیت آہستہ آہستہ قوالی کا رنگ اختیار کرگیا ہے اور اب سب سے زیادہ ’’قوالی نائٹ‘‘ میں گایا جاتا ہے۔ موسیقار شجاع حیدر نے درجنوں ڈراموں کے لئے میوزک ترتیب دیے ان کے مقبول ڈراموں میں ’’مقدس، باغی،دل بے شرم‘‘ وغیرہ شامل ہیں اور اب ہم بات کرتے ہیں ماہرہ خان اور فواد خان کا سپرہٹ ڈراما ’’ہمسفر‘‘کے ٹائٹل سونگ کی، جسے وقار علی نے کمپوز کیا تھا اور قرۃ العین بلوچ نے گایا تھا۔اس گیت نے قرۃ العین بلوچ کو راتوں رات صفِ اول کے گلوکاروں میں شامل کردیا تھا ، ساتھ ہی کمپوزر وقار علی بھی توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔ کیفی خلیل کے کمپوز کئے ہوئے مقبول گانے ’’کہانی سُنو‘‘ کو ڈراما سیریل ’’مجھے پیار ہوا تھا‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔ جیو کی مقبول ٹیلی فلم ’’روپوش‘‘ کے ٹائٹل سونگ کو وہاج فاروقی نے گایا اور کمپوز کیا تھا جس نے سوشل میڈیا پر دُھوم مچائی تھی۔ موسیقار فرخ عابد نے ڈراما سیریل ’’میری ذات ذرہ بے نشاں‘‘ کے لیے (OST)کمپوز کیا تھا ،جسے راحت فتح علی خان نے گایا تھا اس گیت کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید