اسلام آباد (نیوز رپورٹر )سپیکر قومی اسمبلی سر درا یا ز صادق نے خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، دنیا کو امن کی ضرورت ہے موجودہ جنگی حالات دنیا بھر کیلئے باعثِ تکلیف د ہ ہیں۔ عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔سعودی عرب ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ،جو قابلِ ستائش ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہنوں نے ان کی خصوصی دعوت پر گزشتہ روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ سعودی وفد کی قیادت سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی کر رہے تھے، جب کہ وفد میں سعودی شوریٰ کی اراکین محترمہ ڈاکٹر ایمان بنت عبدالعزیز الجبرین اور محترم انجینیئر سالم بن علی الشہرانی شامل تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، اور اراکین قومی اسمبلی مجاہد علی، سید حفیظ الدین، محترمہ شاہدہ بیگم اور محترمہ شگفتہ جمانی بھی شریک ہوئے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے سعودی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ان کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کے تسلسل کا مظہر قرار دیا۔