کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی وزارت توانائی نے ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران بجلی کی فراہمی بلاتعطل کے احکامات جاری کئے ہیں،ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔وفاقی وزیرتوانائی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت توانائی نے ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران بلا تعطل بجلی فراہمی کے احکامات جاری کئے ہیں۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ڈسکوز کے چیئرمین، سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے شرکا کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچانے کے لئے تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے پیشگی مرمت کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آرہا ہے،محرم میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے۔