اسلام آبا(نامہ نگار خصوصی) جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ناگزیر ہے، بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔ استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) میں مقبوضہ جموں و کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے، بھارت نے پہلگام واقعے پر بغیر تحقیقات کیے پاکستان پر الزام لگایا، جبکہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی۔انہوں نےکہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بجائے جارحیت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچے شہید ہوئے۔نائب وزیراعظم نےکہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کیا اور بھارت کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔