ویانا (اکرم باجوہ)آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان میں نئے تعینات سفیر محمد کامران اختر نے سفارتی زمہ داریاں سنبھال لیں۔ سفارت خانے میں سفیر پاکستان محمد کامران اختر کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مذہبی، سیاسی، رفاعی، اسپورٹس، سماجی اور تاجر برادری نے شرکت کی ۔اس موقع پرسفارتخانہ کے اعلیٰ افسران ہیڈ آف چانسلر عدیل خان آفریدی اور کمیونٹی افیئرز قونصلر سلیم شہزاد بھی موجود تھے۔نئے سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر تقریب میں پہنچے تو پاکستانی کمیونٹی نے ان کا استقبال کیا ۔سفیر پاکستان محمد کامران اختر نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کا تعارفی تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی پاکستان کیلئے خدمات کا مجھے پتہ ہے کچھ پرانے لوگ مجھے جانتے ہیں اور پاکستان سفارت خانہ آپ کا گھر ہے ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی، سربلندی، خوشحالی کیلئےکام کریں گے ۔ سفیر پاکستان محمد کامران اختر پاکستانی کمیونٹی میں گھل مل گئے اور شرکاء سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کے ساتھ چائے پی۔سفیر پاکستان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ پاکستان سفارت خانہ کو اپناگھر سمجھیں ہمارا سفارت خانہ کا اسٹاف پاکستانی کمیونٹی کی خدمت میں ہر وقت حاضر ہے اور جس طرح پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانہ کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح پاکستان سفارت خانہ کو پاکستانی کمیونٹی کی ضرورت ہوتی ہے اور آنے والے وقت میں ہم مل کر پاکستان کیلئے بہتر کام کر سکتے ہیں ۔ تقریب کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت نے سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر کو سفارت خانہ ویانا میں نئی تعیناتی اور سفارتی زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور گلدستہ پیش کیا جس پر سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر نے مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت کا شکریہ ادا کیا ۔آخر میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شخصیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کو ویانا میں خوش آمدید کہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔