اسلام آباد (صالح ظافر) میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سکھ فارم ورکر کی المناک موت سے ملک کو صدمہ پہنچنے کے ہفتوں بعد اٹلی کے صوبہ ویرونا میں دو بھارتی شہریوں کو کھیت کے 33مزدوروں کو غلام بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تمام مزدوروں کا تعلق بھارت سے ہے۔ فنانس پولیس نے ملزمان سے 475,000 یورو مالیت کے اثاثے بھی قبضے میں لے لیے، جو کہ دو زرعی شعبے کی کمپنیوں کے مالک ہیں جن کی کتابوں پر کوئی ملازم نہیں اور مبینہ طور پر ٹیکس چور ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دو مبینہ گینگ ماسٹروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے غلامی اور مزدوروں کے استحصال سمیت جرائم کی تفتیش جاری ہے۔ اٹلی میں غلامی کی جدید شکلوں کا معاملہ حال ہی میں 31 سالہ سکھ کھیت کے مزدور ستنام سنگھ کے کیس کے بعد میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا جو گزشتہ ماہ روم کے قریب لازیو میں اسٹرابیری ریپنگ مشین کی وجہ سے اس کا بازو کٹ جانے کے بعد اس کے آجر کی جانب سے چھوڑے جانے کے بعد خون بہنے سے مرگیا تھا۔