چین میں بیوٹی کریمز اور اس سے منسلک اشیاء کی مارکیٹنگ کرنے والے مشہور بلاگر نے صارفین کو 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر واپس کرنے کی پیشکش کردی۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق لو وانگو نامی بلاگر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران ایک اولیو ایسنس کی مارکیٹنگ کی تھی، جس کے بعد لوگوں نے بڑی تعداد میں اس پروڈکٹ کو خریدا، مگر بعد میں معلوم ہوا اس پروڈکٹ کی جو خصوصیات بتائی گئی تھیں وہ اس میں موجود نہیں۔
جس کے بعد بلاگر نے اعلان کیا کہ جن لوگوں نے اس کی لائیو اسٹریمنگ ویڈیو دیکھ کر آن لائن اسٹور سے کاسمیٹک آئٹم کی خریداری کی ہے وہ ان کے پیسے واپس کرنا چاہتا ہے۔
کاسمیٹک آئٹمز بنانے والی کمپنی نے اپنی پروڈکٹ سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ اس کے زیتون ایسنس میں زیتون کے پتے کا عرق بڑی مقدار میں موجود ہے، تاہم بعد میں ایک معروف بلاگر نے انکشاف کیا تھا کہ اس میں زیتون کے پتوں کے عرق کے دو اہم اجزاء موجود نہیں ہیں اور اسے 2 بار لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا گیا ہے اور دونوں مرتبہ ایک ہی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
جس کے بعد 29 سالہ لو وانگو نے مارچ میں کمپنی کو قانونی نوٹس بھیجا تھا اور شنگھائی مارکیٹ سپر ویژن اتھارٹی کو کمپنی کی جانب سے جھوٹی تشہیر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے زیتون ایسنس میں اینٹی ایجنگ کی خصوصیات موجود ہیں اور اس کی 30 ملی لیٹر کی بوتل 200 یو آن (28 امریکی ڈالر) سے زیادہ قیمت میں فروخت ہوتی ہے۔
مارچ کے مہینے میں کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی مصنوعات مکمل قانونی اور بہترین ہے اور وہ خام مال فراہم کرنے والوں سے متعلق مزید تحقیقات کررہی ہے۔
کمپنی نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران ان کی پروڈکٹ خریدی اور اسے استعمال نہیں کیا تو وہ انہیں پیسے واپس کرے گی، جس کے بعد کمپنی کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
جس کے بعد بلاگر نے اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ لوگوں کی جانب سے انتظار کرنے پر معذرت خواہ ہوں اور میں نے یہ رقم واپس کرنے کیلئے کافی وقت لیا، کیونکہ کمپنی کی جانب سے رقم واپس کرنے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔‘
چینی بلاگر نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے قانونی کارروائی کا سوچ رہے تھے مگر اس میں ایک دو سال لگ سکتے تھے، جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ صارفین اپنی رقم کی واپسی کیلئے اتنا انتظار نہیں کرنا چاہتے، پہلے میں نے کہا کہ یا تو کمپنی رقم واپس کرے گی یا پھر میں دوں گا، مگر اب میں ذمہ داری لیتے ہوئے پیسوں کی ادائیگی کروں گا اور میں اپنے فینز کو مایوس نہیں کرنا چاہتا۔
لو وانگو کے اس واقعے سے پہلے 2 کروڑ سے زیادہ فالوورز تھے مگر اب ان کے فالوورز کی تعداد کم ہونے کے بعد 1 کروڑ 85 لاکھ رہ گئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے کہا کہ اب میں نے انٹرنیٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بلاگر کی جانب سے رقم واپس کرنے سے متعلق 13 جولائی کو شیئر کی جانیوالی ویڈیو کو 1 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے، جبکہ چین میں سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر بحث چھڑ گئی ہے، صارفین کی جانب سے کمپنی کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے بلاگر سے رقم واپس نہ کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔