• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں غیرت کے نام پر خیبر پختونخوا کا ایک اور جوڑا قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)غیرت کے نام پر ایک اور شادی شدہ جوڑے کو قتل کر دیا گیا، پولیس نے مقتولہ کے بھائیوں پر دہرے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقےسلطان آباد کچی آباد ی میں نزد واٹر بورڈ کے قریب گھر کے اندر فائرنگ اور چھری کے وار سے 22 سالہ عادل ولد نور محمد اور اسکی اہلیہ 20سالہ سائرہ دختر لقمان جاں بحق ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکار موقع پر پہنچے اور دونوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ہے مقتولین میاں بیوی شارع نور جہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی تھے ،دونوں نے چند ماہ قبل گھر سے بھاگ کر کورٹ میرج کی تھی اور سلطان آباد میں مکان کرائے پر لیکر چھپ کر رہ رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولہ سائرہ کے بھائیوں نے غیرت کے نام پر دونوں کا قتل کیا ہے اور فرار ہوگئے ۔پولیس نے انکے گھر پر چھاپے مارے تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے ، پولیس نے جائے وقوعہ سے دو خول اور ایک خون آلود چھری برآمد کرلی ہے ،پولیس نے مقتول عادل کے اہلخانہ کو تھانے بلایا ہے انکے آنے کے بعد مزید معلومات حاصل ہوسکیں گی اور واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔پولیس کے مطابق لڑکی کے رشتے داروں نے دونوں کو تلاش کیا ۔اطلاعات کے مطابق پہلے دو خواتین مذکورہ مکان میں داخل ہوئیں اور تصدیق کر لی کہ دونوں مکان میں موجود ہیں۔ پھر تین موٹر سائیکلوں پر سوار6 ملزمان آئے اور گھر میں گھس کر دونوں کو گولیاں اورتیز دھار آلے کے وار کیے اور فرار ہو گئے۔مقتولین نارتھ ناظم کے رہائشی تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق خیبرپختونخواہ سے تھا ۔مقتول عادل کے والد اپنے بیٹے اور بہو کی لاش وصول کرنے عباسی اسپتال پہنچ گئے تاہم مقتول کے ورثاء نے میڈیا سے بات کرنے سے معذرت کرلی ۔

اہم خبریں سے مزید