عالم ریکارڈز کی سینچری مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی مارشل آرٹسٹ محمد راشد نسیم نے 30 سیکنڈ میں اپنے سر سے 39 کین توڑ کر ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر محمد راشد نسیم کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں 30 سیکنڈ میں اپنے سر سے 39 کولڈ ڈرنگ کے کین توڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ مارشل آرٹسٹ محمد راشد نسیم پہلے پاکستانی ہیں جو عالمی ریکارڈز کے سنچری کلب میں شامل ہیں۔
انہوں نے اس سے قبل 100 مختلف عالمی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔ انہوں نے 2013 میں 1 منٹ میں 40 بوتلوں کے ڈھکن کھول کر اپنے عالمی ریکارڈز کے سفر کا آغاز کیا تھا اور یک بعد دیگر انہوں نے 100 عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
حالیہ عالمی ریکارڈ ان کا 101واں عالمی ریکارڈ ہے جو انہوں نے اپنے نام کیا ہے۔ ان کے قابل ذکر عالمی ریکارڈز میں ایک منٹ میں سب سے زیادہ کین سر سے کچلنا، ایک منٹ میں ہاتھ سے سب سے زیادہ اخروٹ کچلنا اور 30 سیکنڈ میں اپنے سر سے سب سے زیادہ تربوز کچلنا شامل ہیں۔