اسلام آ باد( جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے بعد پیپلزپارٹی نے بھی مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظر ثانی اپیل دائرکردی۔پیپلز پارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کی جس میں حامد رضا، الیکشن کمیشن اور سنی اتحادکونسل سمیت 11 افراد کو فریق بنایا ہے۔پی پی کی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ چیئرمین سنی اتحادکونسل حامد رضا نے بطور آزاد امیدوارانتخابات میں حصہ لیا، سنی اتحادکونسل سےکسی نے الیکشن نہیں لڑا تو مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں۔اپیل میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف نے درخواست دائرنہیں کی، نہ فریق بنے، تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، تحریک انصاف کو بن مانگے نشستیں دی گئی ہیں۔پیپلزپارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر چند سوالات اٹھائے اور کہا کہ کیا سنی اتحادکونسل کو مخصوص نشستیں ملنی چاہیے ؟ کیا ایسی جماعت کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں جس نےفہرست جمع نہیں کرائی؟ کیا ایسی جماعت کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں جس کے امیدواروں نےکاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے؟