اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں موڈیز ریٹنگز کے نمائندوں سے زوم میٹنگ کی۔ اجلاس میں وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی نقطہ نظر کے بارے میں بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو 9 ارب ڈالر بڑھ گئے ہیں ، مہنگائی کی شرح12.6فیصد پر آگئی اور ترسیلات زر7.7فیصد اضافہ ہوا ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2024 میں ٹیکس وصولی میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا اور ٹیکس کی وصولی کو وسیع پیمانے پر موثر بنایا جائے گا جس میں ایف بی آر میں نئے زرعی ٹیکس اور ڈیجیٹل اقدامات شامل ہیں۔انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ خوردہ فروشوں نے پہلی بار ٹیکس دہندگان کے طور پر اندراج کرایا ہے جو ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔