اسلام آباد (ایجنسیاں/جنگ نیوز)الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے39ارکان کو تحریک انصاف کا رکن قرار دے دیا۔ کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی سے وابستگی کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے39ایم این ایز کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے 41آزاد ارکان قومی اسمبلی کے معاملے پر سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ۔ الیکشن کمیشن کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ 41آزاد ارکان نے پارٹی وابستگی کی دستاویزات جمع کرادی ہیں ‘دستاویزات جمع کرانے والے ارکان نے لکھا کہ وابستگی تحریک انصاف کنفرم کرے گی ۔ الیکشن کمیشن نے درخواست میں کہا ہےکہ الیکشن کمیشن ریکارڈ میں تحریک انصاف کا کوئی پارٹی اسٹرکچر نہیں ہے، تحریک انصاف کے بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی میں آزادارکان کی پارٹی وابستگی کی تصدیق کون کرےگا؟بیرسٹر گوہرالیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں پارٹی چیئرمین نہیں ہیں‘ سپریم کورٹ اس معاملے پر رہنمائی کرے ۔قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی کے 39 ارکان کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ ہوا۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں امجد علی خان، سلیم رحمان، سہیل سلطان، محمد بشیر خان، محبوب شاہ، جنید اکبر، علی خان جدون، اسد قیصر، شہرام خان، مجاہد علی، انور تاج، فضل محمود خان، ارباب امیر ایوب کو پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں شاندانہ گلزار، شیر علی ارباب، آصف خان، سید شاہ احد علی شاہ، شاہد خان، نسیم علی شاہ، شیر افضل مروت، اسامہ احمد، شفقت عباس، علی افضل ساہی، رائے حیدر علی خان اور نثار احمد کو بھی پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق رانا عاطف، چنگیز احمد خان، محمد علی سرفراز، خرم شہزاد ورک، لطیف کھوسہ، رائے حسن نواز خان، عامر ڈوگر، زین قریشی، رانا محمد فراز نون، ممتاز مصطفیٰ، شبیر علی قریشی، عنبر مجید، اویس حیدر اور زرتاج گل بھی پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار قرار دیے گئے ہیں۔