اسلام آباد (جنگ نیوز/ایجنسیاں)بجلی کی زائد قیمتوں‘ آئی پی پیز ‘مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف اسلام آباد میںجماعت اسلامی کا احتجاج ‘حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش ‘کریک ڈاؤن اور پکڑ دھکڑ کے بعد جماعت اسلامی نے حکمت عملی تبدیل کردی اور 3 مقامات پر دھرنوں کا اعلان کردیا تاہم ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد جماعت اسلامی کو مری روڈ پر دو سے تین روز تک پرامن دھرنا جاری رکھنےکی مشروط اجازت مل گئی۔ وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت بجلی صارفین پر کوئی بوجھ نہیں ڈال رہی ۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےمذاکرات کے لیے حکومتی پیشکش قبول کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری بااختیار کمیٹی بنائے‘حکومت ریلیف دینے کی بات کریگی تو پھر بات آگے بڑھے گی‘ دھرنا ایک ماہ چلے یا اس سے بھی زیادہ ہم تیار ہیں‘اب پانی سروں سے گزر چکا، فوج‘سیاست دانوں‘ ججوں اور بیوروکریٹس کو اپنی مراعات چھوڑنا ہوں گی‘نئے الیکشن کا مطالبہ کرنیوالا کسی اور کا ایجنٹ توہو سکتا ہےمگر ملک اورپارٹی کا وفادار نہیں ہوسکتا۔عوام کو ریلیف ملنے تک احتجاج جاری رہے گا‘بجلی بلزپر ریلیف لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی ، بجلی کے بلز ، ٹیکسز اور بجلی کے ظالمانہ ٹیرف کیخلاف دھرنا کو اسلام آباد کے بجائے مری روڈ لیاقت باغ کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے‘دھرنے کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارم 45کی موجودگی کے باوجود عام انتخابات کے مطالبے کا کوئی جواز نہیں ہے‘ پی ٹی آئی میں اگر کوئی ایسی بات کررہا ہے تو دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال کالی ہے‘یہ ڈیل کریں گے پھر دھندہ ہو گا اور جو عام انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں انہیں بھی دھاندلی سے کوئی سروکار نہیں بلکہ اس دھاندلی میں حصہ نہ ملنے کی تکلیف ہے۔سب ملے ہوئے ہیں سادہ سا حل ہے کہ عدالتی کمیشن بنائیں اورفارم 45کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں ‘حافظ نعیم کا مزیدکہنا تھاکہ حکومت جس فسطائیت پراترآئی ہے ہم اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے‘حکومت سے ایک ہی مطالبہ ہے عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ آئی پی پیز کو عوام پر مسلط کر رکھا ہے، اربوں روپے کھائے جا رہے ہیں،یہ دھرنے کا اختتام یا ٹھہرائو نہیں بلکہ ابتدا ہے، ہم مختلف جگہوں پر بیٹھیں گے، پورے پاکستان میں دھرنے دیں گے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اورضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد جماعت اسلامی کو مری روڈ پر ہی 2 سے 3 روز تک دھرنا جاری رکھنےکی مشروط اجازت مل گئی۔دریں اثناءجماعت اسلامی کے دھرنے کی کال پر ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستوں کوکنٹینر لگاکر بند کردیا گیا۔ پنڈی میں میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی جس سے عوام کو شدیدپریشانی کا سامنا ہے ۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصرشریف کے مطابق حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے اور اب تک 1150 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہےجبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں نقص امن کے خدشے کے باعث کی گئیں ۔