اسلام آباد (آئی این پی)’’ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے، کہتے ہیں کہ غالب کا ہے انداز بیاں اور‘‘ اردو زبان کے نامور شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کا 227واں یوم پیدائش 27دسمبر کو منایا جائے گا، اس سلسلے میں ملک بھر کے ادبی حلقوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا،جس میں اپنے عہد کے عظیم شاعر مرزا غالب کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔مرزا اسد اللہ غالب 27دسمبر1797ء کو بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے وہ اردو زبان کے ایک عظیم شاعر تھے جنہوں نے اردو شاعری میں ایک نئی روح پھونکی مرزا غالب نے اپنی شاعری میں انسانی نفسیات اور گہرائی کو انتہائی خوبصورتی سے شامل کیا ہے۔غالب نے لڑکپن سے ہی شعر کہنا شروع کردیئے تھے، شادی کے بعد غالب دہلی منتقل ہوگئے، جہاں انھوں نے ایک ایرانی باشندے عبد الصمد سے فارسی کی تعلیم حاصل کی۔غالب اردو اور فارسی میں شعر کہتے تھے تاہم فارسی شاعری کو زیادہ عزیز جانتے تھے۔نقادوں کے مطابق غالب پہلے شاعر تھے جنھوں نے اردو شاعری کو ذہن عطا کیا۔