لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی رہنما شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17ویں برسی کل گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی۔ برسی میں شرکت اور خطاب کیلئے بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو ہائوس پہنچ چکے ہیں جبکہ جمعرات کو صدر مملکت آصف زرداری بھی برسی میں شرکت اور خطاب کیلئےکسی وقت نودیرو پہنچ جائینگے۔ برسی کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے تمام انتظامات کو آخری شکل دیدی گئی ہے۔ برسی میں شرکت کیلئے کارکن لاہور سے بھی خصوصی ٹرین کے ذریعے جمعرات کو روانہ ہو کر جمعے کی صبح شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے جبکہ دیگر کارکن اور قائدین جمعے کی صبح تک گڑھی خدا بخش پہنچ جائینگے۔ پروگرام کے مطابق 27 دسمبر کی صبح سے پیپلز پارٹی کی رہنما کے مزار پر چادریں چڑھانے اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوگا جو دن بھر جاری رہے گا۔