کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی الیکٹرونکس مارکیٹ ایف بی آر کے پی او ایس سسٹم سے منسلک نہیں جس کی وجہ سے ملکی خزانے کو بھاری نقصان ہو رہا ہے،سسٹم سے منسلک نہ ہونے کی وجہ سے الیکٹرونکس ڈیلرز پورا سیلز ٹیکس ادا نہیں کرتے ،یہ بات چیف کمشنر آر ٹی او 1کراچی ڈاکٹر فہیم محمد نے صدر کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان کی قیادت میں وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی ۔چیف کمشنر نے کہا کہ ملکی معاشی حالات کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیئے ہمیں مل بیٹھ کر ابھی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن مسائل کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ایسوسی ایشنز کے ذریعے ہی تمام مسائل کو حل کیا جائے۔ چیف کمشنر نے موقع پر ہی کچھ مسائل حل کرنے کے احکامات دیئے اور کہا کہ ایف بی آر اور تاجروں میں خلیج کم کرنے کی ضرورت ہے۔