لاہور(خبرنگار)جی سی یونیورسٹی میں نیوکلیئر پروگرام میں راوئینز کے کردار پر سیمینار ہوا، ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔ لیکن دشمن آج بھی ہمیں اندر سے کمزور کرنے کی کوشش کر رہاہے۔ ایٹمی تجربات میں شامل 140 افراد کی ٹیم میں 95 ٹیکنیشین اور 45 کے قریب سائنسدان تھے۔ ان 45 میں سے 40 سائنسدانوں کا تعلق گورنمنٹ کالج لاہور سے تھا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے سیمینار کی صدارت کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کا حکم دینے والے وزیراعظم بھی راوین تھے۔ نئی نسل کو سائنسی اور تکنیکی میدان میں اپنا مقام تلاش کرنا چاہیے۔سیمینار میں ڈاکٹر عدنان نور میاں اور پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان نے بھی شرکت کی۔