• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کی علمبردار ہے ، کرن بلوچ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کی علمبردار ہے جس نے ہمیشہ ہر شعبے میں خواتین کو اہمیت دی ہے ،جب بھی پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے مثبت اقدامات کئے گئے اور سیاسی اور معاشرتی سطح پر انہیں قومی دھارے میں لانے کیلئے کوششیں کی گئیں،انہوں نے کہا کہ اب بھی خواتین کے بے انتہا مسائل ایسے ہیں جن کا حل سماجی اور معاشرتی روایات کے بدلنے، تعلیم اور روشن خیالی کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ کاروکاری، کم عمری کی شادی، وٹہ سٹہ، ونی جیسی رسمیں فرسودہ نظام کی باقیات ہیں۔ ہمیں یہ سب بدلنا ہوگا۔ پارٹی کی قیادت نے شروع سے ہی خواتین کے سیاست میں حصہ لینے کے حق کی پرزور حمایت کی ، پاکستان پیپلز پارٹی کی پہلی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں بیگم نسیم جہاں کو رُکن بنایا گیا۔1971ءمیں اقتدار سنبھالنے کے بعد قائد عوام چیئرمین بھٹو نے خواتین کو اہم عہدوں پر فائز کرنے کی روایت کی بنیاد رکھی۔ چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ءکےدستور میں آرٹیکل 25 کے تحت خواتین کو معاشرہ میں مساوی حیثیت اورتمام بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی۔ دستور کی ان دفعات نے پاکستانی خواتین کے روشن مستقبل کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کردی جس پر انکی ترقی، فلاح و بہبود اور مساوی حقوق کی عمارت تعمیر کی جاسکتی ہے۔
کوئٹہ سے مزید