• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ کی عوام کو 14 اگست پر جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے عوام کو دعوت دی ہے کہ وہ 14اگست کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ گورنرہائوس میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں،گورنر سندھ نے کہا کہ گورنرہائوس سے 24گھنٹے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا عمل شروع کرنے جارہے ہیں انشاء اللہ 20 لاکھ سے زائد مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا ، پہلے مرحلے میں 9ہزار سولر سسٹم کا آڈر دے دیا ہے ، سولر سسٹم 300 یونٹس سے کم استعمال کرنے والوں کو دیئے جائیں گے ، میڈیا ہمارے اس کارخیر میں شامل ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اب تک 6 لاکھ 90 سے زائد مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے جاچکے ہیں ، عوام کے لئے جب سے گورنرہائوس کے دروازے کھولے گئے ہیں لوگوں کی بڑی تعداد گورنرہائوس آرہی ہے اور آج تک تقریباً 30 لاکھ سے زائد افراد گورنرہائوس آچکے ہیں ، اب تک نوجوانوں کو 8ہزار لیپ ٹاپ دے گئے ہیں ، 50ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمت نہ ہاریں کام میں لگے رہیں تو اللہ تعالیٰ کی نصرت ضرور آتی ہے ہمارے پاس وسائل نہیں لیکن مخیر دوستوں کے تعاون سے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کے دن عوام بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گورنرہائوس میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں۔

ملک بھر سے سے مزید