لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف)فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی پاکستان میں خدمات اور ان کا حالیہ دورہ امریکہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بہترین حکمت عملی سے انڈیا کا غرور خاک میں ملایا، ان کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے کئی قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ان خیالات کا اظہارمیر خلیل الرحمنٰ میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز)،پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی اور خوشحال پاکستان کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار بعنوان "فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملکی خدمات اور امریکی دورہ"میں کیا۔جس کی صدارت لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل(نائب صدرPESS،چیئرمین خوشحال پاکستان،سابق چیئرمینNDMA،ہلال امتیاز ملٹری)نے کی۔مہمان خصوصی رمیش سنگھ آروڑا (وزیر برائے اقلیتی امور)تھے۔حرف آغازو شریک میزبان عزیز احمد اعوان (کنوینر خوشحال پاکستان،چیف آرگنائزر PESS)تھے۔ دیگر مہمانوں میں لیاقت بلوچ(JUI)،پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راتھوڑ(وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز)،ڈاکٹر صائمہ بٹ (اسسٹنٹ پروفیسر پولیٹیکل سائنس ایل سی ڈبلیو یو)،بھگت لال کھوکھر،پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرہ کاظمی (ڈین آف لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی)، ساجدہ میر(سابق ایم پی اے پاکستان پیپلز پارٹی)،پروفیسر ڈاکٹر نوید اقبال (ایل سی ڈبلیو یو)،ڈاکٹر سائرہ افضل (ڈین IPH)شامل تھے۔اور میزبانی کے فرائض واصف ناگی چئیرمین میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی نےسر انجام دیے۔وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ آروڑا نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہترین جنگی حکمت عملی استعمال کی۔ہم نے نوجوانوں کو با اختیار بنانا ہے۔حکومت اقلیتوں کو تحفظ اور عزت دے رہی ہے۔