کراچی ( اسٹاف رپورٹر )قائد آباد میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں فرار ہونے والے ملزم کی گولیاں لگی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدود مسلم آباد مدینہ مسجد کے قریب گلی سے ایک شخص کی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔مقتول کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ایس ایچ او رانا خوشی محمد کے مطابق مقتول کی شناخت 22 سالہ وزیر خان عرف چھولا کے نام سے ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز قائد آباد کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا تھا جس میں ایک ملزم اسحاق مارا گیا تھا جبکہ مقتول وزیر خان پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم وزیر خان پولیس مقابلے کے بعد اپنے ہلاک ساتھی اسحاق کے گھر گیا اور انھیں بتایا کہ تمہارا بھائی پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے اور میں وہاں سے موٹر سائیکل پر جان بچا کر آیا ہوں۔