لندن (محمد اورنگزیب) چیئرمین اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل اور ممبر اوورسیز ایڈوائزری کونسل او پی ایف نعیم نقشبندی نے چیئر سینیٹ آف پاکستان اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے لندن میں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پراوورسیز کمیونٹی کو درپیش مسائل و مشکلات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز وطن عزیز کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔ ان کی جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاستی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اوورسیز کمیونٹی کو پاکستان میں انوسٹمنٹ کی دعوت دی تاکہ نئی نسل پاکستان سے جڑی رہے۔ چیئرمین سینیٹ نے او پی ڈبلیو سی کی کمیونٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والا ہر محب وطن پاکستانی قوم کا سفیر ہے۔ملاقات میںچیئرمین مین او پی ڈبلیو سی نعیم نقشبندی نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں اور تارکین وطن سیکیورٹی فورسز ، عدلیہ ، پارلیمنٹ اور میڈیا سمیت دیگر ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیزی اور سازشوں کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ چیئرمین او پی ڈبلویسی نے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں اوورسیز کی نشستوں سمیت تارکین وطن کو لینڈ مافیا کے حوالے سے پولیس اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان میں درپیش مسائل، پی ایم اوورسیز پورٹل، اوورسیز فاؤنڈیشن، اوورسیز کمیشن پنجاب اور وفاقی محتسب اوورسیز سیل سمیت تمام اوورسیز پورٹلز کو متحرک و فعال کرنے کی درخواست کی نعیم نقشبندی نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصلیٹس سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کی رہنمائی میں تارکین وطن کو نادرا، پاسپورت، ایمرجنسی ویزہ اور اٹیسٹیشن سمیت قونصلر افئیرز سے متعلقہ دیگر سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ مزید یہ کہ15 پاکستانی ممبران برٹش پارلیمنٹ، 11ممبران ہاؤس آف لارڈز، مئیر لندن سمیت تقریباً30 ٹاؤن مئیرز، تقریباً450 کونسلرز، ان گنت ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء و بیرسٹرز و پروفیشنلز اور کامیاب کاروباری شخصیات پاکستانی کمیونٹی کا فخر ہیں۔