پیرس(رضاچوہدری،جنگ نیوز)پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل کی واحد امید ارشد ندیم جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے،جیولن تھرو کوالی فکیشن راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل ارشد ندیم پہلی باری میں ہی 86.59میٹر تھروکرنے میں کامیاب ہوگئے،فائنل راؤنڈ کل بدھ کو ہوگا،بھارت کے نیرج چوپڑا بھ نےبھی89.34 میٹر کی تھرو پھینک کر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے میڈل کی امید ارشد ندیم نے 24 کروڑ پاکستانیوں کا خواب پورا کرنے کی جانب پہلا قدم لیتے ہوئے جیولن تھرو کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا۔منگل کو ہونے والے جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے کم از کم 84 میٹر کی تھرو کرنا تھی۔ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.59 کی تھرو کرکے کوالیفائی کرلیا۔ارشد ندیم اب کل 8 اگست کو جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔ یہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں مسلسل دوسرا فائنل ہے، ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس میں ارشد ندیم پانچویں پوزیشن پر رہے تھے، واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کے آخری ایتھلیٹ اور میڈل جیتنے کی اُمید ارشد ندیم ہیں،امید ہے ارشد ندیم 8اگست کو سونے کا تمغہ جیت کر قوم کو جشن آزادی کا تحفہ دیں گے۔ دوسری جانب گروپ بی میں ہی شامل بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی بار میں 89.34 میٹر کی تھرو پھینکی جس کے بعد انہوں نے بھی جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا،وہ پہلے نمبر رہے ، گریناڈا سے تعلق رکھنے والے اینڈرسن پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔پاکستان کے ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کی اور وہ گروپ میں تیسرے نمبر پر رہے، برازیل کے لوئیز موریسیو دا سلوا نے 85.91 میٹر کی تھرو کی اور وہ چوتھے نمبر پر رہے، اینڈرین مارڈیر نے 84.13 میٹر کی تھرو کی اور وہ پانچویں پوزیشن پر رہے، فن لینڈ کے ایٹھیلیٹ 82.91 میٹر کی تھرو کرکے چھٹے نمبر پر رہے۔