تہران (اے ایف پی)ایرانی عدلیہ نے گزشتہ روز کہا کہ ایران نے تاحال تہران میں حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے سلسلے میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے،جس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا ہے۔فلسطینی مزاحمتی گروپ کے سربراہ کو گذشتہ ہفتے بدھ کے روز اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ایرانی نومنتخب صدر مسعود پیزیشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے کہا کہ ضروری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تحقیقات مکمل ہوتے ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس کیس کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات میں ایرانی فوجی حکام شامل ہیں۔