فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے شہید سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی اپنی پوتی کو پیار کرنے اور اس کے ساتھ کھیلنے کی یادگار ویڈیو سامنے آگئی۔
حماس کے شہید رہنما اسماعیل ہنیہ کی پوتی مونا 11 اپریل 2024 کو اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئی تھیں۔
اسماعیل ہنیہ کی بہو ایناس ہنیہ نے اسماعیل ہنیہ کے شہید پوتی کو پیار کرنے کی ایک یادگار ویڈیو شیئر کی ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ایناس ہنیہ نے ایک پیغام بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے شہید مونا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میری پیاری مونا کیسی ہے؟ کیا اس کے بال اب بھی لمبے ہیں یا چھوٹے ہوگئے ہیں؟ کیا وہ بڑی ہوگئی ہے یا اب بھی چھوٹی ہے؟
ایناس ہنیہ نے مزید کہا کہ کیا وہ اب بھی اتنی ہی شرارتی اور تیز ہے، یا پھر جنت میں اس کے اندر کوئی تبدیلی آگئی ہے۔
واضح رہے کہ 11 اپریل 2024 کو عید کے دن حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے اور 4 پوتے پوتیاں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
اسماعیل ہنیہ کے بیٹے عید کے پہلے دن خاندان سے ملنے جا رہے تھے کہ اس دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے میں ان کے 3 بیٹے، حاضم، عامر اور محمد، جبکہ پوتے اور پوتیاں، جن میں مونا، امل، خالد اور رضان بھی شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے تھے۔
حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔