کراچی( اسٹاف رپورٹرز، نیوز ڈیسک ) پاکستان کے جیولین تھرو کے لیجنڈ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کے لئے40سال بعد گولڈ میڈل جیت لیا ، انہوں نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھروکرکے یہ اعزاز بھی اپنے حاصل کرلیا ، اپنی آخری تھرو میں ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپکس کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، وہ پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں ، ارشد ندیم فتح کے بعد سجدے میں گر گئے اور اللہ تعالی کا شکر ادا کیا، ان کے مقابلے کو دیکھنےکے لئے دنیا کے کئی ملکوں سے پاکستانی مقابلہ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں موجود تھے،قوم اور ارشد ندیم کے اہلخانہ خوشی سے مسرور ،ارشد ندیم کی والدہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کا استقبال کرنے کیلئے پھول لیکر جائیں گی ، پیرس میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میری کامیابی اللہ تعالی کی مہربانی ،میرے والدین اور پوری قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ فائنل مقابلے میں اس اعتماد کے ساتھ گیا تھا کہ گولڈ میڈل جیتوں ، نیرج چوپڑا کا دباؤ نہیں تھا، رات بھر اس فتح کیلئے اللہ تعالی کے حضور دعا کی تھی، پاکستان بھر سے لوگوں نے دعائیں بھیجیں وہ بھی پڑھ رہا تھا،اللہ تعالی نے مجھے ہمت دی، میں نے اولمپکس گیمز کے نئے ریکارڈ کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیا، قوم کو جشن آزادی کا تحفہ مبارک ہو۔ دوسری جانب ملک بھر میں جشن کا سماں، کئی شہروں میں مٹھائیوں کی تقسیم ، ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ، بھارت کے فیورٹ نیرج چوپڑا سوا ارب بھارتیوں کا دوبارہ گولڈ میڈل جیتنے کا خواب پورا نہ کرسکے، بھارت کے نیرج چوپڑا نے اپنی دوسری اور سب سے تیز تھرو 89.45 کی کردی اور اس طرح وہ سلور میڈل کے حق دار قرار پائے، گزشتہ اولمپکس میںانہوں نے گولڈ حاصل کیا تھا ، نیرج نےاپنے ملک کی جانب سے ملسل دوسری بار میڈل حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے اوریہ اعزاز حاصل کرنے کرنے والے پانچویں بھارتی کھلاڑی ہیں ، گرینیڈا کے اینڈرسن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 88.54 میٹر کی اور انہوں نے کانسی تمغہ حاصل کیا ۔ نیرج چوپڑا کی 6میں سے پانچ تھرو فاولز قرار دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت جیولین تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا ۔ یہ مجموعی طور پر اولمپکس گیمز کی تاریخ میں اب تک پاکستان کا 11واں میڈل ہے۔پاکستان نے اولمپکس گیمز میں1992بارسلونا اولمپکس گیمز میں پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔پاکستان ہاکی ٹیم نے آخری بار1984کے لاس اینجلس اولمپکس میں منظور جونیئر کی قیادت میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔