• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال، ہلال امتیاز دینے کی ہدایت، قومی ہیرو کی تصویر والا ڈاک ٹکٹ جاری

کراچی، پیرس(اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ) پیرس اولمپکس گیمز کے جیولین تھرو میں طلائی تمغہ جیتنے والے جیولین تھرو کے شہنشاہ ارشد ندیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وطن واپس پہنچ گئے، لاہور کے علامہ اقبال ائیر پورٹ پر ان کا والہانہ،پرتپاک،فقید المثال استقبال ، پوری قوم نے اپنے ہیرو کے استقبال کے لئے پلکیں بچھادیں ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ائیر پورٹ کے قریب آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ سمیت حکومت کی جانب سے استقبال کیا،دیگر وفاقی اور صوبائی وزراء ، سرکاری عہدیداران بھی موجود تھے، استقبال کرنے والوں میں ارشد ندیم کے والد اور اہلخانہ کے دیگر افراد بھی موجود تھے،والد نے گلے لگایا اور ہار پہنائے، ائیرپورٹ پر مداحوں کا جمِ غفیر اُمڈ آیا، ائیر پورٹ پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، اولمپکس چیمپئن ارشد ندیم کا پیرس میں بھی شاندار استقبال ، پاکستانی کمیونٹی نے خراج تحسین پیش کیا، صدر آصف علی زرداری نے ارشدندیم کو ہلال امتیاز دینےکی ہدایت کردی ، حکومت نے یوم آزادی پر قومی ہیرو ارشد ندیم کی تصویر والا ڈاک ٹکٹ جاری کردیا،فرانس میں پاکستانی سفارتخانے میں قومی ہیرو کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ، جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، گراونڈ ہوں پندرہ سولہ سال کے بچوں کو موقع دیا جائے تو پاکستان کھیلوں کے مقابلوں سب سے آگے ہو ، پاکستان میں کھیلوں اور تعلیم کے فروغ کےلئے بھر پور کوشش کروں گا اور اتھیلٹ کےلئے سیڈیم بنانے کےلئے زور دوں گا ۔ ارشد ندیم نے ائیر پورٹ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے قوم ، اپنے والدین اور کوچز کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب اسپورٹس فیسٹیول کی وجہ سے انہیں موقع ملا، ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے نصفشب کو وطن واپس پہنچے، طیارے میں سول ایوی ایشن کے حکام نے انہیں گلدستہ پیش کیا،طیارے میں موجود مسافروں نے بھی ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں، استنبول سے لاہور تک طیارے میں مسافر ارشد ، ارشد کے نعرے لگاتے رہے، ارشد ندیم کو واٹر سلیوٹ پیش کیا ، ائیر پورٹ کے ون وے پر پولیس بینڈنے قومی ہیرو کو سلامی پیش کی،مداحوں کی ایک بڑی تعداد ائیر پورٹ کے باہر بھی موجود تھی، پیرس میںگولڈ میڈل تقریب جمعے کو ہونے کی وجہ سے ارشد ندیم کی جمعے کی فلائٹ کو تبدیل کرایاگیا، وہ ہفتے اتوار کی درمیانی شب وطن واپس پہنچے، لاہور ائیر پورٹ کے باہر کی سڑکوں پر بھی بڑی تعداد میں ان کے مداح موجود تھے، اطراف کی سڑکوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا،انہیںسخت سیکیورٹی میں لائونج سے باہر لایا گیا، مداحواں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور ارشد ندیم کی بڑی بڑی تصاویر اٹھا رکھی تھی، ڈھول کی تھاپ، اور باجوں کی گونج،رقص، بھنگڑے، اور نعروں کے شور میں ارشد ندیم ائیر پورٹ سے باہر آئے، ہزاروں افراد ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب دکھائی دئیے،لاہور پولیس نے اولمپئین ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دیا۔پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران نےارشد ندیم کوسکیورٹی فراہم کی، ارشد ندیم کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس کا پائلٹ تھا۔ارشد ندیم کی گاڑی کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود تھیں۔ پروٹوکول کےلئے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک ساتھ رہے،ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لئے سرکاری بسیں ان کے گاؤں پہنچا ئی گئی تھیں، ان کی فیملی کو سرکاری پروٹول میں میاں چنوں سے لاہور لایا گیا ،ارشد ندیم کے ساتھ ایشیاء ایتھلیٹکس کے نائب صدر و چیئرمین سائوتھ ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی بھی تھے،ارشد ندیم اور ان کے اہل خانہ اتوار کو لاہور میں قیام کریں گے جہاں وہ حکومت پنجاب کی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے، وہ سرکاری پروٹوکول میں پیر کو لاہور سے اپنے شہر میاں چنوں پہنچے گے ،دریں اثناء ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن ارشد ندیم کو 50 ہزار ڈالر سے نوازے گی، واضح رہے کہ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کر کے نہ صرف ریکارڈ توڑا بلکہ گولڈ میڈل بھی جیتا ہے۔پاکستانی روپوں میں ایک کروڑ 39 لاکھ روپے کے قریب بنتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید