• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم کو لیسکو میں گریڈ 19 دینے کیلئے سفارشات کی تیاری

لاہور(آصف محمود بٹ ) پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستان کے مایہ ناز نیزہ باز ا ولمپئین ارشد ندیم کو گریڈ 19میں ترقی دینے کے لئے چیف ایگزیکٹولاہور الیکٹرسٹی کمپنی (لیسکو) نے سفارشات مرتب کرنا شروع کر دی ہیں جو منظوری کے لئے لیسکو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اجلاس میں رکھی جائیں ،اس وقت سپورٹس بیس پر لاہور کی بھاٹی گیٹ سب ڈویثرن میں لائن فورمین تعینات ہیں ۔ اولمپئین ارشد ندیم2011ء میں سپورٹس مین کے طور پر لیسکو میں گریڈ 7 میں بطور اسسٹنٹ لائن مین بھرتی ہوئے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کرتے ہوئے گریڈ 18میں پہنچ گئے جو سپورٹس مین کے لئے لیسکو میں سب سے بڑا گریڈ ہے۔ لیسکو کے مطابق ارشد ندیم کاا س وقت عہدہ لائن فورمین ہے اور ان کی تعیناتی لاہور کی بھاٹی گیٹ سب ڈویثرن میں ہے۔ لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل (پیر) کو کمپنی ہیڈ کوراٹرز میں منعقد ہوگا جس میں لیسکو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ارشد ندیم کو گریڈ 19میں ترقی دینے کی سفارش کی جائیگی۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے بتایا کہ کمپنی کے قوانین کے مطابق سپورٹس مین کو زیادہ سے زیادہ گریڈ 18میں ترقی دی جاسکتی تھی جو ہم ارشد ندیم کو پہلے ہی دے چکے ہیں ۔ شاہد حیدر نے بتایا کہ گریڈ کے مطابق ان کے عہدے کا نام چھوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پاس ہی یہ اختیار ہے کہ وہ ارشد ندیم کو گریڈ 19میں ترقی دے سکتا ہے جس کے لئے رولز کے مطابق سفارش کی جائیگی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی سپورٹس مین کو گریڈ 19میں ترقی دینے کے لئےبورڈ میں پیش کرنے کے لئے ورکنگ پیپرز کی تیاری کر رہے ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید