میرعلی ( آن لائن ) میر علی میں قبائلی عمائدین کے جرگہ نے پاک فوج کو سڑک کے اردگرد آپریشن کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے جو مبینہ طور پر خوارج نے اکھاڑ ی ہے جبکہ دوسری جانب شرپسند عناصر نے بلاتصدیق سوشل میڈیا پر میر علی کے مقامی افراد کو زبردستی گاؤں سے نکالنے کے سنگین الزامات لگانے شروع کر دیئے ہیں جس پر مقامی سیاسی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق 8 اگست 2024 کو شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے حسو خیل کے قریب ایک سڑک کے ٹکڑے کو خوارج کی جانب سے دن دہاڑے اکھاڑا گیا، سڑک کو اکھاڑے جانے کی وجہ سے عام عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جس مقام سے سڑک کو اکھاڑا گیا اْس کے قریب کچھ دیہات بھی ہیں اور قوی امکان ہے کہ خوارج دیہات میں سے کسی مکان سے نکل کر کاروائی کرنے آئے اور واپس چھپ گئے، واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے عمائدین نے اس بات کی گارنٹی دی تھی کہ خوارج کو ہر قسم کی کاروائی سے روکا جائے گا اور ساتھ ہی خوارج سے متعلق گسی بھی خبر کی اطلاع فوراً پاک فوج کو دی جائے گی۔ لیکن افسوس کہ میر علی میں خوارج کی جانب سے ہونے والی اس کارروائی کی اطلاع بروقت نہیں دی گئی جس سے کروڑوں کی لاگت سے بنائی گئی سڑک ٹوٹ گئی،اس واقعے کے رونما ہونے کے بعد قبائلی عمائدین کا جرگہ بلایا گیا جو 9 اگست کو ہوا جس میں اس مسئلہ کا حل نکالا گیا۔ اطلاعات کے مطابق مقامی افراد نے جرگے کے بعد سڑک کی مرمت شروع کر دی ہے ۔مسئلے کا حل نہ نکلنے کی صورت میں مقامی افراد نے پاک فوج کو سڑک کے اردگرد آپریشن کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔